وزیراعظم نواز شریف نئی ہائوسنگ پالیسی کااعلان جلد کریں گے، وفاقی سیکریٹری ہائوسنگ

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) وفاقی سیکریٹری ہاؤسنگ یونس ڈھاگانے کہا ہے کہ نئی ہاؤسنگ پالیسی کا اعلان وزیر اعظم نواز شریف جلد کریں گے جس میں آباد کی تجاویز کو بھی شامل کیا گیا، حکومت نے ایچ بی ایف سی کو بھی متحرک کردیا ہے اور اس کی ری اسٹرکچرنگ بھی کردی گئی ہے، نئی ہاؤسنگ پالیسی کے تحت 5 لاکھ کم لاگت مکانات کے لیے قرض پر سود صرف 8 فیصد لیا جائے گا جبکہ 7 فیصد سود کا بوجھ حکومت برداشت کریگی یہ بات انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈڈیولپرز کی جانب سے منعقد کی گئی آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2014 میں منعقدکیے گئے سیمینار ’’تعمیراتی صنعت کا ملکی معیشت میں کردار‘‘ پر خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی ، کمشنرکراچی، چیئرمین آباد محسن شیخانی،سینئر وائس چیئرمین آباد سلیم قاسم پٹیل نے بھی اظہارخیال کیا ۔وفاقی سیکریٹری ہاؤسنگ یونس ڈاگا نے کہا ہے کہ مارگیج ری فنانسنگ کمپنی آئندہ چند ماہ میں قائم کردی جائے گی جو کم لاگت مکانات کے لیے طویل مدتی قرضے فراہم کرے گا۔اس موقع پرایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا کہ مستقبل کا کراچی کیسا ہوگا یہ ہماری پالیسیوں پر منحصر ہے کیونکہ ماضی میں کراچی کی بڑھتی ہوئی بے ہنگم آبادی کے لیے نہ تو کوئی ماسٹر پلان بنایا گیا اور نہ ہی آبادی کے اعتبار سے سہولتوں پر کوئی توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آباد ی میں تو سالانہ 3.7 فیصد کی شرح سے اضافہ ہورہا ہے مگر کراچی پر یہ بوجھ 6.7 فیصد سے بڑھ رہا ہے۔ اسی لیے کراچی کچی آبادیوں میں تبدیل ہوتا رہا۔ قبل ازیں آباد کے چیئرمین محسن شیخانی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے ،ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہوئے روزگارکے نئے مواقع میں اضافہ کیا جاسکتا ہے محسن شیخانی نے کہا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ سیکٹر پر بھرپورتوجہ مرکوز کرنے کی اشدضرورت ہے جس سے ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.