ریاضی کا اعلیٰ ترین اعزاز پہلی بار ایک خاتون نے جیت لیا

ریاضی کا اعلیٰ ترین اعزاز” فیلڈز میڈل “ ایرانی نژاد ماہر ریاضی مریم مرزا خانی نے جیت لیا ہے۔ مرزا خانی علم الحساب کے میدان میں یہ اعزاز جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

سٹینفورڈ: (ویب ڈیسک) ایرانی نژاد مریم مرزا خانی علم الحساب کے میدان میں دیا جانے والے اعلیٰ ترین اعزاز فیلڈز میڈل جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔ پروفیسر مریم مرزا خانی کو ان کی پیچیدہ جیومیٹری (علم ہندسہ) کے لئے اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ مرزا خانی کو یہ اعزاز سیول میں انٹرنیشنل کانگریس آف میتھیمٹیشیئنز (ریاضی دانوں کی بین الاقوامی کانگریس) میں دیا گیا۔ ریاضی کی بین الاقوامی کانگریس ہر چار سال پر منعقد کی جاتی ہے اور چار میڈلز دیے جاتے ہیں۔ اس بار اس کے فاتح میں برطانیہ کی وارک یونیورسٹی کے پروفیسر مارٹن ہیئرر بھی ہیں۔ اتفاقیات پر ان کا گرانقدر کام موسم کو سمجھنے میں کارآمد ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ریاضی کے شعبے میں فیلڈز میڈلز کو نوبل انعام کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور اس کا فیصلہ ریاضیات کی بین الاقوامی یونین آئی ایم یو کی کمیٹی کرتی ہے۔ اس کا قیام کینیڈا کے ماہر ریاضی جان فیلڈز نے کیا تھا اور اس کے فاتحین کو میڈلز کے ساتھ 15 ہزار کینیڈین ڈالر کی رقم بھی انعام میں دی جاتی ہے۔ پہلی بار یہ ایوارڈ 1936 میں دیا گیا تھا اور اس کے بعد 1950 سے ہر چار سال بعد دیا جاتا ہے۔ جان فیلڈ کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز ایسے ریاضی داں کو دیا جانا چاہیے جو 40 سے زیادہ عمر کے نہ ہوں تا کہ وہ اپنی آنے والی زندگی میں مزید کارنامے انجام دیں۔ دوسرے دو فاتحین میں برازیل کے ریاضی داں آرتھر اویلا ہیں جنھوں نے اپنی پی ایچ ڈی ڈائنامیکل نظام پر 21 سال کی عمر میں مکمل کی۔ ان کے علاوہ چوتھے انعام کے مستحق منجل بھارگو ہیں۔ پروفیسر مرزا خانی اس انعام کو حاصل کرنے والی پہلی خاتون ریاضی داں بنیں۔ ایک عرصے سے اس کمی کا احساس چلا آ رہا تھا کہ کسی خاتون کو اب تک یہ میڈل نہیں مل سکا ہے۔ میڈل کی کمیٹی کی ایک رکن اور آکسفورڈ یونیورسٹی میں پروفیسر ڈیم فرانسیس کیروان نے کہا کہ ریاضی کو ہر چند کہ مردوں کا شعبہ تصور کیا جاتا ہے تاہم خواتین نے صدیوں سے اس میں گرانقدر تعاون پیش کیا ہے۔ انھوں نے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ برطانیہ میں ریاضی میں 40 فیصد خواتین انڈر گریجویٹ ہیں۔ انھوں نے کہا مجھے امید ہے کہ یہ انعام بہت سی لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو اس ملک اور دنیا بھر میں تحریک دے گا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کریں اور مستقبل کی فیلڈز انعام یافتہ بنیں۔

تبصرے بند ہیں.