یوروفٹبال کپ؛ انگلینڈ اور روسی شائقین کے درمیان میچ کے دوران جھڑپیں

پیرس: فرانس کے شہر مارسے میں یورو فٹبال کپ 2016 کے دوسرے روز انگلینڈ اور روس کے فٹبال شائقین کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوگئے جب کہ شہر میں پولیس اور فٹبال شائقین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

برطانوی فٹبال شائقین اور مقامی افراد کے درمیان ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی جھڑپیں رپورٹ ہوئیں تھیں تاہم انگلینڈ اور روس کے درمیان فٹبال میچ کے دوران گراؤنڈ اس وقت میدان جنگ بن گیا جب میچ 1-1 سے برابر ہوگیا۔ میچ ختم ہونے سے 5 منٹ قبل تک گراؤنڈ کا ماحول خوشگوار تھا تاہم میچ برابر ہونے کے بعد روسی شائقین کی جانب سے پٹاخے پھاڑے گئے اور پھلجڑیاں جلائی گئیں جس کے بعد انہوں نے انگلینڈ کے شائقین پر حملہ کردیا۔ ایونٹ انتظامیہ کی جانب سے دونوں شائقین کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کے لئے رکاوٹیں لگائی گئی تھیں لیکن وہ بھی کسی کام نہ آئیں اور روسی شائقین انہیں پھلانگ کر انگلینڈ کے شائقین تک پہنچ گئے۔

تبصرے بند ہیں.