ہاکی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں تاخیر سے نقصان ہوگا،اصلاح الدین

کراچی: پی ایچ ایف کے چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کے کیمپ میں تاخیر سے اولمپک گیمز کے کوالی فائنگ رائونڈ کی تیاری بری طرح متاثر ہوگی۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مضبوط اور متوازن ٹیم کی تیاری کے لئے ہم نے چار سال کی منصوبہ بندی کی ہے تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ قومی ٹیم کو تیاری کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں، جس میں انٹر نیشنل مقابلوں میں شرکت کے علاوہ قومی سطح پر بھی زیادہ سے زیادہ ٹور نامنٹ منعقد کیے جائیں تاکہ کھلاڑی بہتر انداز میں خود کو آنے والے وقتوں کے لیے تیار کرسکیں۔ اصلاح الدین نے کہا کہ اولمپک رائونڈ سے قبل اذلان شاہ ہاکی میں قومی ٹیم کی شرکت بہت ضروری ہے اس سے کھلاڑیوں کو عالمی ایونٹ کا تجربہ حاصل ہوگا اور انہیں اپنی خامیوں اور تیاریوں کے بارے میں علم ہوسکے گا۔ اصلاح الدین نے کہا کہ یہ بات خوش آ ئند ہے کہ پچھلے دو ماہ کے دوران ملک میں ہاکی کے کھیل کی سرگرمیوں میں اضا فہ ہوا ہے جس سے کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع بھی ملا ہے، تاہم بہتر ٹیم کی تیاری میں چارسال کا عرصہ در کار ہوگا جس کے لئے حکومت کو بھی اس کھیل کی سر پرستی کرنا ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.