گولڈن بوٹ : جرمنی کے مولر کو ایک گول کی ضرورت

فٹ بال کے شائقین جس طرح عالمی کپ کے فائنل کی فاتح ٹیم کو دیکھنے کے لئے بے چین ہیں ، اسی طرح گولڈن بوٹ ایوارڈ کس کھلاڑی کو ملتا ہے ، اس کے بارے میں جاننے کو بھی بے تاب ہیں۔

ریو ڈی جنیرو (ویب ڈیسک ) گولڈن بوٹ عالمی کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کو دیا جاتا ہے۔ اس وقت عالمی کپ میں کولمبیا کے ہامیس روڈریگز چھ گولوں کے ساتھ سرفہرست ہیں تاہم ان کی ٹیم عالمی کپ سے باہر ہو چکی ہے جس کے بعد اب اس بات پر نظریں لگی ہوئی ہیں کہ کیا جرمنی کے توماس مولر اور ارجنٹائن کے لیونیل میسی روڈریگز سے آگے نکل سکتے ہیں۔ مولر نے اب تک پانچ گول کیے ہیں جب کہ لیونیل میسی کے گولوں کی تعداد چار ہے۔ اس طرح میسی کو گولڈن بوٹ حاصل کرنے کے لیے کم از کم ہیٹ ٹرک درکار ہے۔ مولر کوگولڈن بوٹ کے لیے صرف ایک گول درکار ہے کیونکہ اگر ان کے اور روڈریگز کے چھ گول برابر بھی ہو جاتے ہیں تب بھی مولر گولڈن بوٹ حاصل کر لیں گے کیونکہ انھوں نے تین گول کرانے میں مدد کی ہے جبکہ روڈریگز نے دو گول کرانے میں ساتھی کھلاڑیوں کو پاس دیے تھے۔ اگر مولرگولڈن بوٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ مسلسل دوسرا ورلڈ کپ ہوگا جس میں وہ سب سے زیادہ گول کر کے گولڈن بوٹ کے حقدار ٹھہریں گے۔ 2010 کے عالمی کپ میں جرمنی کے مولر، سپین کے ڈیوڈ ویا، ہالینڈ کے ویزلے شنائیڈر اور یوروگوائے کے ڈیاگو فورلین نے پانچ پانچ گول کیے تھے ، لیکن مولر نے دیگر کھلاڑیوں سے زیادہ گول کرانے میں مدد کی تھی اس لیے وہ گولڈن بوٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ مولر برازیل کے خلاف سیمی فائنل ہی میں چھ گول کے ساتھ گولڈن بوٹ‘ پر اپنی گرفت جما سکتے تھے لیکن انھوں نے سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلوزے کو گول کرنے کا موقع فراہم کیا جو یہ گول کر کے عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 16 گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ مولر نے اس عالمی کپ میں پرتگال کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی جس کے بعد انھوں نے امریکا اور برازیل کے خلاف بھی ایک ایک گول کیا۔ –

تبصرے بند ہیں.