سواریز کوبارسلونا 75 ملین پاونڈ میں خریدے گا ، کھلاڑی سپین جانے پر خوش

نگلش فٹ بال کلب لیورپول تقریباً 75 ملین پاونڈ میں سٹرائیکر لوئس سواریز بیچنے پر تیار ہوگیا ہے۔ لوئس سواریز بارسلونا کے ساتھ پانچ سال کا معاہدے کرے گا۔

لندن ) یوروگوائے سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ سواریز پر ورلڈ کپ کے دوران اٹلی کے کھلاڑی گریگری چیلینی کو کاٹنے پر چار ماہ کی پابندی ہے۔سواریز نے لیورپول کی جانب سے گذشتہ کلب سیزن میں 31 گول سکور کیے تھے۔ وہ اگلے ہفتے طبی معائنے کے لیے سپین جائیں گے۔ اس موقع پر لیورپول کے مینیجر برینڈن راجرز کا کہنا تھا کہ لوئس ایک سپیشل کھلاڑی ہیں اور انھوں نے جو کردار ادا کیا میں اس کے لیے ان کا شکر گزار ہوں۔ سواریز پریمیئر لیگ کے گذشتہ سیزن میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے کھلاڑی تھے اور انھیں پی ایف اے اور فٹبال رائٹرز کے سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ سواریز نے 2011 میں آئیکس چھوڑ کر لیورپول کے ساتھ 22.7 ملین پاونڈ میں معاہدہ کیا تھا جس کے تحت ان کی لیورپول کے ساتھ ابھی چار سال کی مدت باقی تھی۔ بارسلونا جانے سے وہ اپنے سسرال کے قریب ہو جائیں گے۔ اس موقع پر سواریز کا کہنا تھا کہ ’میں امید کرتا ہوں کہ آپ سب لوگ یہ سمجھ سکتے ہیں کہ میں نے یہ فیصلہ کیوں کیا ہے۔ اس کلب نے مجھے روکنے کے لیے جو کر سکتے تھے وہ کیا لیکن سپین میں میری اہلیہ کی فیملی ہے اور وہاں رہنا اور کھیلنا میرا خواب ہے اور یہ ایسا کرنے کے لیے صحیح وقت ہے۔اگر 75 ملین پاونڈ کی اس رقم کی تصدیق ہوگئی تو یہ فٹبال کی تاریخ کی تیسری بڑی رقم ہوگی۔ اس سے پہلے 2013 میں ریال میڈرڈ نے انگلش کلب ٹوٹنام سے ویلز کے کھلاڑی گیرتھ بیل کو 86 ملین پاونڈ اور 2009 میں کرسٹیانو رونالڈو کو مانچسٹر یونائیٹڈ سے 80 ملین پاونڈ میں خریدا تھا۔ بارسلونا میں ہر نئے کھلاڑی کی آمد پر اسے نوا کیمپ میں منعقدہ ایک تقریب میں شائقین کے سامنے پیش کیا جاتا ہے لیکن سواریز کے معاملے میں ایسا ممکن نہیں ہوگا کیوں کہ انھیں فٹبال کے کسی میدان میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.