گاڑیوں کی فروخت میں جولائی کے دوران 16 فیصد کمی

کراچی:  نئی کاروں کی فروخت میں اضافے کا رجحان نئے مالی سال کے آغاز پر برقرار نہ رہ سکا، جولائی میں مقامی سطح پر تیار کی جانے والی گاڑیوں بشمول لائٹ کمرشل گاڑیوں، جیپ اور وینز کی مجموعی فروخت جون کے مقابلے میں 16فیصد کم رہی۔

انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق جون 2016 کے دوران 16 ہزار 528 گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں جبکہ جولائی میں گاڑیوں کی فروخت 13ہزار 932یونٹس رہی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے قیمت میں مسلسل اضافے اور نئی آٹو پالیسی میں صارفین کو 2ماہ کے اندر گاڑیوں کی ڈیلیوری کی شرط عائد کیے جانے کے باوجود گاڑیوں کی تاخیر سے ڈیلیوری اور اوون منی کی وصولی کی وجہ سے صارفین مقامی سطح پر تیار کی جانے والی گاڑیوں کے بجائے درآمد شدہ ری کنڈیشنڈ گاڑیوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.