کیبل آپریٹرز کے مسائل حل کرینگے: چیئرمین پیمرا کی یقین دہانی

لاہور: آل پاکستان کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن (کیپ ) کے وفد نے مرکزی صدر ملک فرقان غیاث اور سنیئر صدر کیپٹن ( ر) جبار کی سربراہی میں چیئرمین پیمرا چوہدری رشید احمد سے ملاقات کی اور کیبل آپریٹرز کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر کیپ کے نمائندہ وفد نے چیئرمین پیمرا سے مطالبہ کیا کہ لوپ ہولڈرز سے سی ڈیز چلانے کیلیے پیسے نہ لیے جائیں اور خیبر پختونخوا میں منسوخ کیے جانے والے 25کیبل لائسنس بحال کیے جائیں۔ جس پر چیئرمین پیمرا نے انھیں مطالبات پر بات چیت کیلیے دوبارہ ملاقات کی دعوت دی اور ہمدردانہ غور کا وعدہ کیا۔ چیئرمین پیمرا چوہدری رشید احمد نے کہا کہ بھارتی چینلز دکھانا اور چلانا غیرقانونی ہے۔ ایسا کرنے سے لوکل ٹیلنٹ، ٹی وی اور فلم انڈسٹری کو نقصان پہنچتا ہے اس لیے میری تمام کیبل آپریٹرز سے درخواست ہے کہ وہ بھارتی چینلز کو پروموٹ نہ کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ میری کوشش ہے کہ تمام معاملات بات چیت سے حل کیے جائیں اسی لیے امید ہے کہ آئندہ ہفتے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ملاقات میں ان کے مسائل اور شکایات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.