اسلام آباد: این سی او سی نے کورونا کی ممکنہ چھٹی لہر کے پیش نظر ملک کے اندر تمام ڈومیسٹک پروازوں، ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کےدوران ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے ملک کے اندر تمام ڈومیسٹک پروازوں، ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے، این آئی ایچ کےمطابق تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ سفر کے دوران ماسک کا استعمال کریں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے فضائی سفر کرنے والوں کے لیے ٹریول ایڈوائزی جاری کردی گئی، ملک بھر میں فضائی سفر کرنے والے مسافر فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔قومی ادارہ برائے صحت میں این سی اوسی کے اجلاس میں کورونا صورتحال پر غور کیاگیا، این آئی ایچ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ملک کے کچھ شہروں میں کورونا کیسز میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کی ممکنہ چھٹی لہر کا خطرہ پھر سر اٹھانے لگا ہے، مہلک وائرس کے شکار مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے۔گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 382 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ آٹھ پانچ ریکارڈ کی گئی، 87 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
تبصرے بند ہیں.