کورونا وائرس کیخلاف وزیر اعلیٰ پنجاب کا فضائی جائزہ

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے فضائی دورے کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز کا بھی مشاہدہ کیا، عثمان بزدار نے حکومتی اداروں کی جانب سے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔عثمان بزدار نے پولیس، پاک فوج اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا، فضائی دورے میں عثمان بزدار نے مشاہدہ کیا کہ لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر اور مارکٹیں سنسان تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت اورجان کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کیے ہیں، عوام گھروں میں رہیں گے تو کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا، حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنے پر لاہور سمیت پنجاب کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پولیس، پاک فوج اور رینجرز میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے، مختلف شہروں کے دورے کر کے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو کورونا سے بچانا ان کا مشن ہے، کورونا وائرس کی وباء کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں پر عملدرآمد کرنے پر ٹرانسپورٹر اور تاجر برادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تبصرے بند ہیں.