کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی ، پاکستان

کشمیریوں پر بھارت کا ظلم مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا،کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے 5 اگست کویوم استحصال منائیں گے، شاہ محمود قریشی کا ایل اوسی سیکٹرچری کوٹ کا دورہ یوم استحصال کے ذریعے دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب کریں گے اور اپنے مقصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیر اطلاعات شبلی فراز، وزیر مواصلات مراد سعید

اسلام آباد( نیوزرپورٹر ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی اورپاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویزخٹک اورمشیرقومی سلامتی معید یوسف نے عسکری حکام کے ہمراہ ایل اوسی سیکٹرچری کوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پرعسکری حکام بھی وفاقی وزرا کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران عسکری حکام کی طرف سے وزیرخارجہ کو بریفنگ بھی دی گئی۔وزیرخارجہ نے لائن آف کنٹرول پرتعینات پاک فوج کے جوانوں کی عظمت، ہمت اورجذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پوری قوم اپنے ان جری سپوتوں کی جوانمردی اوربہادری پرفخرکرتی ہے، بھارت جو مرضی کر لے، کشمیریوں نے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کر دیا ہے، پانچ اگست کے اقدام کوکوئی قبول نہیں کرے گا۔ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارت کا ظلم مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا،کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے 5 اگست کویوم استحصال منائیں گےعلاوہ ازیںوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط اور بھارتی ظلم و ستم کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستان پوسٹ کی طرف سے یادگاری ٹکٹ کا اجراء کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ٹکٹ کا اجر اء کرکے دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم سے آگاہ کررہے ہیں ، نریندر مودی صرف کشمیر کیلئے نہیں ، پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، انشاء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان، پانچ اگست کو یوم استحصال کے ذریعے دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب کریں گے اور اپنے مقصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پیر کو وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید اور وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس میں پانچ اگست کے حوالے سے یادگاری ٹکٹ کا اجراء کردیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ پانچ اگست کو یوم استحصال منائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے پچھلے سال پانچ اگست کو کشمیر میں غیر قانونی اقدام کیا،یوم استحصال کے ذریعے دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب کریں گے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہاکہ پانچ اگست کے حوالے سے پاکستان پوسٹ نے یادگاری پوسٹ کا اجراء کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نریندر مودی صرف کشمیر کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، وزیرمواصلات نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ، پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ مراد سعید نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کا وقت قریب ہے ، بھارت کا فاشسٹ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ مراد سعید نے کہاکہ انشااللہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ مراد سعید نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریزکیا اور کہاکہ صرف کشمیر سے متعلق سوال کریں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مودی کی سوچ اور ہندوتوا کا فلسفہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے جس انداز سے کشمیر کا مقدمہ لڑا اس کی مثال نہیں ملتی۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ یوم استحصال کے حوالے سے منظم منصوبہ کے تحت تقاریب ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ ٹکٹ کے اجرا ء کا اقدام علامتی ہے ، شبلی فرازانہوںنے کہاکہ یوم استحصال پر ڈاک ٹکٹ کے اجرا سے بھی دنیا میں ایک مضبوط پیغام جائے گا۔مراد سعید نے کہاکہ پاکستان ٹکٹ کا اجرا ء کرکے دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم سے آگاہ کررہے ہیں ، انہوںنے کہاکہ کشمیر کی آزادی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ مراد سعید نے کہاکہ عالمی میڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ اپنے مقصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کو ہر فورم پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ماضی میں کشمیر کمیٹی نے ٹھیک سے کام نہیں کیا ، اب قیادت میں جذبہ پایا جاتاہے۔وزیراطلاعات نے کہاکہ سینیٹ کا اجلاس ہورہا ہے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے سے بھارت کو واضح پیغام جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.