کسی سیاسی جماعت کو ریاست کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے: وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت، گروہ یا مسلح جتھے کو وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ریاست کو کسی گروہ یامسلح جتھے کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے، کسی سیاسی گروہ یا جماعت کو وفاق پر حملہ کرکے ریاست کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے امن و امان سے متعلق وزارت داخلہ میں اہم وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت چاروں صوبوں کے آئی جیز و چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔آئی جی پنجاب فیصل شاہکار اور آئی جی کے پی معظم جاہ بھی اجلاس میں خصوصی طور شریک ہوئے۔ گلگت بلتستان و آزاد جموں کشمیر کے آئی جی و چیف سیکرٹری، آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں پی ٹی آئی کے وفاق پر ممکنہ چڑھائی کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا، شرکاء نے وفاق پرممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی جماعت کی طرف سے وفاق پر چڑھائی کے غیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے، چاروں صوبوں ، گللگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے آئی جیز و چیف سیکرٹریز آئین و قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت، گروہ یا مسلح جتھے کو وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ریاست کو کسی گروہ یامسلح جتھے کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے، وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر ایسے غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں گے، کسی سیاسی گروہ یا جماعت کو وفاق پر حملہ کرکے ریاست کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے۔ ایسی کسی بھی روایت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ چیف سیکریٹریز یقینی بنائیں کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے، کسی بھی جارحیت کیخلاف ریاست کو تحفظ فراہم کرنا سرکاری ملازمین کا فریضہ ہے، جو سرکاری ملازمین 25 مئی کے لانگ مارچ میں شریک ہوئے ان پر وفاق کو گہری تشویش ہے۔

تبصرے بند ہیں.