کراچی: گرومندر کے قریب خودکش حملہ، صدرزرداری کے سیکورٹی چیف سمیت 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی: گرومندر میں واقع جامعہ بنوریہ کے قریب خود کش حملے کے نتیجے میں صدر آصف علی زرداری کے سیکورٹی چیف بلال شیخ سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔ رائل نیوزکے مطابق دھماکا جامعہ بنوریہ کے قریب ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صدر زرداری کےسیکورٹی چیف بلال شیخ کی ڈبل کیبن گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بلال شیخ سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ پولیس اہلکاروں سمیت 8 زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 3 افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ایس ایس پی راجا عمر خطاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں حملہ خودکش نظر آ رہا ہے کیونکہ بلال شیخ آج اپنا راستہ تبدیل کرکے گھر جارہے تھے اور یہاں پھل لینے کے لیے رکے تھے، بلال شیخ کو جس قدر قریب سے نشانہ بنایا گیا ہے اس سے یہی بات سامنے آتی ہے کہ حملہ خودکش تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بلال شیخ کی گاڑی کا دروازہ کھلتے ہی خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دھماکے میں 6 کلو سے زائد دھماکا خیز مواد استعمال ہوا جس میں بڑی تعداد میں بال بیرنگ استعمال کئے گئے تھے۔ دھماکے کی آواز اس قدر شدید تھی کہ اسے کئی کلومیٹر دور تک سنا گیا، دھماکے سے قریبی گاڑیوں اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پولیس اور دیگر تحقیقاتی ٹیموں نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ صدر آصف زرداری، وزیراعظم نوازشریف ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بلال شیخ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.