کراچی کی صورتحال پر تحریک انصاف اے پی سی بلائے گی، شاہ محمود قریشی

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے23 مئی کو کراچی کی صورت حال پر کل جماعتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاہم جگہ کا فی الحال تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ سندھ ، وفاق اورپنجاب میں اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ یہ ہمارا اصولی فیصلہ ہے ۔ عمرکوٹ اور تھرپار کرکے33 پولنگ اسٹیشنوں پر اسی طرح دوبارہ پولنگ کے انتظامات کیے جائیں، جس طرح این اے250 کے 43 پولنگ اسٹیشنوں کیلیے کیے گئے تھے ۔ زہرہ شاہد کا تحریک انصاف سے لاتعلق ہونے کا ایم کیو ایم کا الزام بے بنیاد ہے وہ اب بھی پارٹی کی صوبائی نائب صدر تھیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کومسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا سے ان کی رہائش گاہ راجہ ہاؤس میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ 11مئی کے عام انتخابات میں سندھ و پنجاب میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد اور ان کی جماعت کی طرف سے زہرہ شاہد کے تحریک انصاف سے الگ یا ناراض ہونے کا الزام بے بنیاد ہے وہ قتل کے وقت بھی پارٹی کی نائب صدر تھیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم وفاق ، پنجاب اور سندھ میں مثبت اور بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے جو ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔

تبصرے بند ہیں.