کراچی(مانیٹر نگ ڈیسک) شہر قائد میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ بجلی کی طلب اور رسد میں 500 میگاواٹ کا فرق موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ ایس ایس جی سی کی جانب سے کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی شروع نہیںہو سکی ہے۔کراچی میں بجلی کی طلب 3 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی طلب اور رسد میں 500 میگاواٹ کا فرق موجود ہے۔ جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔نارتھ کراچی، نیو کراچی میں رات گئے 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوئی جبکہ بفرزون، اورنگی ٹائون کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی)کے ترجمان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سردیوں میں گیس کے مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول کے الیکٹرک اپنا متبادل بندوبست کریں، کے الیکٹرک سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو پیشگی اطلاع دی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں سوئی گیس کو 300 ایم ایم سی ایف ڈی کمی کا سامنا ہوگا، مختلف فیلڈز سے ایس ایس جی سی سسٹم میں گیس کم موصول ہو رہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.