کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات، 5 افراد جاں بحق

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ کے قریب سے 2 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی، ایس ایچ او میمن گوٹھ کے مطابق مقتولین کو ملزمان نے اغوا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سروں پر گولیاں مار کر ہلاک کیا، ماڑی پور اور میراں ناکہ سے 2 افراد کی لاشیں ملیں، پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت کے بعد ہی تفتیش میں کوئی پیش رفت ہوسکے گی۔ لیاری کے علاقے بہار کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے 40 سالہ عبدالطیف کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول شاہ بیگ لین کا رہائشی اور محنت کش تھا، کورنگی انڈسٹریل ایریا داؤد چورنگی کے قریب پولیس مقابلہ میں ایک پولیس اہلکار زخمی جبکہ ملزمان پولیس کا گھیراؤ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، زخمی اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.