کراچی میں فائرنگ اورپرتشدد واقعات، 3 افراد جاں بحق، 25 جرائم پیشہ افراد گرفتار

کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں آج بھی 3 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا جبکہ رینجرز اور پولیس نےچھاپے مار کر 25 سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ کراچی میں بوری بندلاشیں ملنے کا سلسلہ پھرشروع ہوگیا ، آج بھی کورنگی کراسنگ ندی سے پولیس کو15 سالہ لڑکےکی بوری بند لاش ملی، جس کی شناخت عظیم ولد اول خان کے نام سے ہوئی، کھارادر کامل گلی سے ہاتھ پاؤں بندھی ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت راحیل کے نام سے ہوئی ، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان راحیل کو کسی اور مقام پر قتل کرنے کے بعد لاش کھارادر میں پھینک کر فرار ہوگئے جب کہ لیاری کے علاقے ہنگورہ آباد سے ایک نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ دوسری جانب جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاروائیاں جاری ہیں ، آج بھی رینجرز اور پولیس نے سائٹ ، لانڈھی ، ملیر لائنز ایریا ، رام سوامی اور دیگر مقامات پر چھاپے مار کر 25 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ ، گولیاں اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔

تبصرے بند ہیں.