Latest National, International, Sports & Business News

کراچی میں دہشت گرد قانون کی گرفت سے آزاد ہیں، منور حسن

کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن لیاقت آباد ٹائون کے سابق نائب یوسی ناظم اور جماعت اسلامی کے مقامی رہنما ظفراقبال مرحوم کے گھر گئے اور ان کے بیٹوں اسامہ ظفر،علی ظفراور بھائیوں فخر اقبال‘ اعجاز اقبال اور ارشد اقبال سے ملاقات کی۔ منورحسن نے ظفراقبال کو دن دہاڑے قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلیے صبرجمیل کی دعا کی۔منورحسن نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی اور قتل و غارت گری کی وارداتیں روز کا معمول ہیں ‘ قاتل اور دہشت گرد قانون کی گرفت سے آزاد ہیں اور عوام کے جان ومال کو کوئی تحفظ حاصل نہیں گزشتہ 25سالوں سے کراچی کے حالات خراب ہیں اور یہاں کے عوام اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر زندگی گزار رہے ہیں۔ منور حسن نے کہا کہ ظفر اقبال شہید کے قاتل قانون کی گرفت سے تو آزاد ہیں لیکن اللہ رب العزت کی پکڑ سے بچ نہیں سکیں گے اور اپنے انجام سے ضرور دوچار ہوں گے ۔انھوں نے کہا کہ اس دنیا سے رخصت ہوجانے والوں کے لیے دعائے مغفرت ایک بہترین تحفہ ہے اللہ رب العزت ان کے درجات کو بلند فرمائے۔ منورحسن نے نائن الیون کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے امریکا12 سال بعد بھی دنیا کو ورلڈ ٹریڈسینٹر پرحملے میں مسلمانوں کے ملوث ہونے کے ثبوت نہیں دے سکاجبکہ خود اس نے جھوٹ کا سہارا لیکر عراق اور افغانستان میں لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کیا اور آج بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پراسلام اور مسلمانوں کے خلاف بدترین دہشت گردی کررہاہے،انھوں نے کہاکہ اسرائیل کے تحفظ کے لیے امریکا پھر شام پرحملے کی تیاری کررہا ہے اگر اس نے حملہ کیا توخود بکھر جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.