کراچی میں حکومتی رٹ کیلیے بہت کچھ کرنا ہے، سپریم کورٹ

کراچی: سپریم کورٹ نے 2 سال میں پہلی مرتبہ کراچی میں قیام امن کے لیے وفاقی وصوبائی حکومت کے اقدامات پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں پہلی بارشہر میں اپنی رٹ بحال کرنے کے لیے سنجیدہ ہوئی ہیں لیکن یہ محض ابتدا ہے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ کابینہ کے فیصلے کے بعد5ستمبر 2013سے شروع ہونے والا ٹارگٹڈ آپریشن موثرثابت ہوسکتا ہے مگر دیرپا امن کے لیے مستحکم پالیسی بنانا ہوگی، یہ آبزرویشن کراچی بد امنی کیس کی 20ستمبر کوہونے والی سماعت کے تحریری حکم میں دی گئی ہے۔جمعرات کوجاری ہونے والے 52صفحات پر مشتمل تحریری حکم 5 رکنی بینچ کے سربراہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے تحریر کیاہے جس میں آبزرویشن دی ہے کہ آئین کی دفعہ9کے تحت عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمے داری ہے مگرکراچی میں کچھ سالوں سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوکررہ گئی ہے ملک کامعاشی حب جرائم پیشہ عناصر کی گرفت میں ہے ،ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اوردیگر وارداتیں عام ہوچکی ہیں،کراچی میں دہشت گردوں کوشہریوں کی نمائندہ دعویدار سیاسی جماعتوں کی اخلاقی،مالی اور سیاسی سرپرستی حاصل ہے،کراچی کا کوئی حصہ محفوظ نہیں۔

تبصرے بند ہیں.