کراچی: لیاری میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن، گینگ وار کے 3 ملزم ہلاک

کراچی: لیاری میں رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کے 3 ملزمان ہلاک جبکہ متعدد گرفتار کرلئے گئے۔ رینجرز کی بھاری نفری نے لیاری کے علاقے شاہ بیگ لین میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا تو ملزمان کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا، جس کے بعد رینجرز اہلکاروں نے تمام گلیوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے کارروائی شروع کردی، جوابی کارروائی کے دوران رینجرز نے 3 زخمیوں سمیت 11 افراد کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔ تینوں زخمی طبی امداد کی فراہمی سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔ مقابلے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت عمران چوہان ، نعمان اور غفور کے نام سے ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز اور پولیس کی جانب سے ٹارگٹڈ آپریشن کیا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پولیس نے کئی بھتہ خوروں سمیت 100 سے زائد ملزمان کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.