کراچی: اسکول پر دستی بم حملہ،دیگر واقعات میں13 افراد ہلاک
کراچی: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں اسکول پر دستی بم حملے میں تین بچے زخمی ہوگئے، فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت تیرہ افراد موت کی نیند سلا دیئے گئے۔ سی آئی ڈی پولیس کی کارروائی میں تین ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلئے گئے۔ نیو کراچی تین نمبر کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ کراچی کے علاقے منگھو پیر میں دو ملزمان نے میر زمان نامی شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔ ملزمان کی فائرنگ کی آواز سن کر گشت پر مامور پولیس اہلکار نے فرار ہونے والے ملزمان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان موقع پر ہلاک ہوگئے. سرجانی ٹاؤن کے علاقے محمد گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے کار سوار علی اور نعمان کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔مقتولین ملیر کے رہائشی تھے، ملیر ملت گارڈن میں پندرہ سالہ لڑکے ہنی کی لاش برامد ہوئی پولیس کے مطابق مقتول منشیات فروش تھا جسے مبینہ طور پر اْسکے ساتھیوں نے ہلاک کیا ہے، آئی آئی چندریگر روڈ پر پھاٹک کے قریب سے دو لاشیں بر آمد ہوئیں جنکی شناخت تاج منیر اور اسفند کے نام سے کی گئی، پولیس کے مطابق مقتولین کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا، ملیر ریلوے پھاٹک میں ٹرین کی زد میں آکر خاتون جاں بحق ہوگئی ،اورنگی ٹاوٴن کے شاہ فیصل محلے میں نامعلوم حملہ آوروں نے اسکول پر دستی بم پھینکا۔ ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق حملہ آوروں نے نجی اسکول کی کھڑکی سے کلاس روم میں دستی بم پھینکا جس سے سات سالہ فاطمہ اور دس سالہ اظہار سمیت تین بچے زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ بہار کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ ماڑی پور آگرہ تاج سے ایک شخص کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ جبکہ جمشید روڈ پر پولیس مقابلہ کے دوران ٹارگٹ کلر دلشاد کو گرفتار کر کے اسلحہ بر آمد کرلیا گیا۔ کورنگی میں سی آئی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ٹارگٹ کلرز کامران اور شہباز کو گرفتار کر کے اْن کے قبضے سے اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی فیاض خان کے مطابق ملزمان دس سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
تبصرے بند ہیں.