امن کو ترستے کراچی میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں۔ رات بھر مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر چار غیر ملکیوں سمیت اناسی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ رات گئے پولیس نے آپریشن کا آغاز کیا اور کورنگی کے زمان ٹاؤن سے چوری، ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں ملوث بارہ ملزمان دھرلئے گئے۔ کورنگی انڈسٹریل ايريا سے بھی مختلف جرائم ميں ملوث آٹھ ملزمان کو گرفتار کيا گیا۔ پٹیل پاڑہ میں کارروائی کے دوران دس ملزمان پولیس کے ہتھے چڑھے۔ تھانہ نبی بخش پولیس نے آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ سولجر بازار سے تین غیرملکیوں سمیت دس ملزمان گرفتار کئے گئے۔ ان میں سے دو پولیس پر حملے میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔ ابراہیم حیدری سے بھی ایک غیر ملکی باشندے کو فارنرز ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔ سعود آباد پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپہ مارکر چھ ملزمان کو دھرلیا، جب کہ کھوکراپار سے اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان پکڑے گئے۔ ملیر سٹی سے بھی دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات قبضے میں لے لی گئیں۔ لانڈھی تھانے کی حدود سےآٹھ جب کہ عوامی کالونی تھانے کی حدود سے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے مشتبہ اور جرائم پیشہ افراد کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں جن کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.