کراچی: انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے نیوزی لینڈ کو متنازع انداز میں فاتح قرار دینے کیخلاف پاکستانی اپیل مسترد کردی۔ ورلڈ گورننگ باڈی نے سری لنکن ریفری اشیتا اجیگالا کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اسے درست قراردیا ہے، پی ٹی ایف نے معاملہ اب بورڈ آف ڈائریکٹر زمیں لے جانے کا عندیہ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ ٹائی متنازع انداز میں نیوزی لینڈ کو ایوارڈ کرنے کیخلاف پاکستان نے آئی ٹی ایف سے اپیل کی تھی جس کا کوئی فائدہ نہ ہوا، ورلڈ باڈی نے سری لنکن ریفری اشیتا اجیگالا کا فیصلہ برقرار رکھا، ایشیا اوشیانا گروپ 2 ٹائی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 سے 7 اپریل تک نیوٹرل وینیو یانگون، میانمار میں شیڈول تھی۔ ریفری نے ٹینس کورٹس کو غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے ٹائی کو فورفیٹ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو فاتح بنادیا تھا، آئی ٹی ایف کمیٹی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پی ٹی ایف ٹائی کو مطلوبہ معیار کے مطابق منعقد نہیں کرا سکی، ٹائی کیلیے یانگون میں دستیاب دونوں کورٹس کی کوالٹی معیار کے مطابق نہیں تھی، کمیٹی نے مارچ میں پاکستان کو اپنے ملکی حالات کے پیش نظر ٹائی نیوٹرل وینیو پر منعقد کرانے کی خصوصی اجازت دی تھی، کمیٹی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈیوس کپ قواعد نمبر 44 (ڈی) اور نمبر38 کے تحت ریفری کو فیصلہ کرنے کا اختیار ہے اور ایسے معاملے میں میچ آفیشل کا فیصلہ ہی حتمی تصور کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان ٹینس فیڈریشن نے آئی ٹی ایف سے اپیل مسترد کیے جانے کے بعد کسی اور فورم پر جانے کا اعلان کردیا، غیرملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے پی ٹی ایف کے صدر کلیم امام نے کہا کہ ڈیوس کپ ٹائی میں ہونے والی بے انصافی کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ریفری کا فیصلہ درست تھا لیکن ہم اس معاملے کو کسی اور فورم پر اٹھائیں گے، ہم اس ناانصافی کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے جو ہمارے ساتھ ہوئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.