ایشین اسنوکر، پاکستانی کامیابی کا امکان خاک میں مل گیا

کراچی: ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میںپاکستان کی کامیابی کا امکان خاک میں مل گیا۔ امید کی آخری کرن دونوں کھلاڑی محمد سجاد اورابو صائم کوارٹر فائنل میں شکست کھا بیٹھے، ماضی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے افغانستان کے صالح محمد پہلے سیمی فائنل میں چین کے زاو ین تانگ کے خلاف صف آرا ہوں گے،دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ ایرانی عامر سرکوش اور شام کے عمر الکوجہ کے میچ سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے تحت مقامی ہوٹل میں ہو نے والی29 ویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنلز میں بدھ کو پاکستان کے آخری دونوں کیوئسٹ بھی ہار گئے۔ گزشتہ برس چیمپئن شپ کے فائنلسٹ محمد سجاد کو ایران کے عامر سرکوش نے ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد 2-5 سے شکست دی، ایونٹ میں مسلسل پیش قدمی کرتے ہوئے اب تک سب سے زیادہ 5 مرتبہ سنچری بریک کھیلنے والے چین کے زاو ین تانگ نے ابو صائم کو جان توڑ مقابلے کے بعد 3-5 سے ہرا دیا،ابو صائم نے حریف کے خلاف پونے تین گھنٹے تک مزاحمت کی،چینی کیوئسٹ نے گزشتہ روز پری کوارٹر فائنل میں افغانستان کے محمد ریئس سینزئی کیخلاف چیمپئن شپ کا سب سے بڑا136 کا بریک بھی کھیلا تھا، تیسرے کوارٹر فائنل میں افغانی صالح محمد نے ایران کے محمد لبابی کو باآسانی 1-5 سے شکست دیدی، صالح نے 2003 میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا تھا۔ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے لی چھوان وائی نے شام کے عمر الکوجہ کے سامنے مزاحمت کیے بغیر ہتھیار ڈال دیے، عمر نے پری کوارٹر فائنل میں عالمی چیمپئن محمد آصف کو اپ سیٹ شکست دینے والے حریف کے خلاف 1-5 سے فتح حاصل کی،11 فریمز پر مشتمل سیمی فائنلز جمعرات کو صبح 10 بجے شروع ہوں گے،دریں اثناء چیمپئن شپ سے خارج ہونے والی ٹیموں کی پاکستان سے روانگی شروع ہوگئی،متحدہ عرب امارات، سری لنکا اور قطر کے کھلاڑی بدھ کو وطن لوٹ گئے۔ علاوہ ازیں چیمپئن شپ میں کوارٹر فائنل مرحلے کے اختتام تک 7 کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 13 مرتبہ سنچری بریک کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، ان میں 3 پاکستانی بھی شامل ہیں، سیمی فائنل میں پہنچنے والے چین کے زاو ین تانگ نے5 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا، اس میں ایونٹ کا سب سے بڑا 136 کا بریک بھی شامل ہے،کوارٹر فائنل میں شکست کھانے والے پاکستانی کیوئسٹ محمد سجاد3 مرتبہ سنچری بریک کھیلنے میں کامیاب رہے،اس میں134 کا دوسرا بڑا بریک بھی شامل رہا،عالمی چیمپئن محمدآصف اور عمران شہزاد نے بھی یہ اعزاز حاصل کیا، سنگاپور کے بونک چن ،تھائی لینڈ کے بونیارت کیتھکن اور ایران کے علی جلیل علی نے بھی 1،1 مرتبہ سنچری بریک کھیلا۔

تبصرے بند ہیں.