امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے انکی بہن فوزیہ صدیقی کو 5 سال کا امریکی ویزہ مل گیا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستان منتقلی کی درخواست پر سماعت کی ، سماعت کے دوران وکیل نے بتایا کہ فوزیہ صدیقی کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے 29 سے 31 مئی تک امریکی جیل میں ملاقات ہو گی۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فوزیہ صدیقی اور امریکی وکیل کلائیو اسمتھ عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے، عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر ہونا چاہیے۔عدالتِ عالیہ نے حکم دیا کہ وزارتِ خارجہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر کی فراہمی میں مدد کرے، عافیہ صدیقی سے متعلق دستاویزات اور معلومات وکیل سے شیئر کی جائیں۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ یقین دہانی کرائیں گے کہ معلومات کیس کے علاوہ استعمال نہیں ہوں گی، امریکی وکیل کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ کیس تیار کر سکیں، امریکی وکیل کلائیو اسمتھ کی شیئر کردہ ڈاکیومنٹ کانفیڈینشل رہے گی۔عدالت نے کہا کہ حساس معلومات کی وجہ سے مجاز اتھارٹی کی منظوری ضروری ہو گی ، حکام دفتر خارجہ جس حد تک ممکن ہو سکا عافیہ صدیقی کے وکیل سے مکمل تعاون کریں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی۔
تبصرے بند ہیں.