Latest National, International, Sports & Business News

چینی ٹینس پلیئر لینا غصے کی وجہ سے اپنے ہی ملکی شائقین کیلیے ولن بننے لگیں

بیجنگ: چین کی ٹینس پلیئر لینا غصے کی وجہ سے اپنے ہی ملکی شائقین کیلیے ولن بنتی جارہی ہیں۔ انھیں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والی واحد چینی خاتون پلیئر کا اعزاز حاصل اور اب وہ یو ایس اوپن میں کیریئر کا دوسرا بڑا ٹائٹل جیتنے کی آرزو مند ہیں، مگر ان کے رویے سے ان کے ہموطن کافی دلبرداشتہ ہوچکے، جب انھوں نے 2011میں فرنچ اوپن کا فائنل جیتا تھا اس وقت پورے چین میں فتح کا جشن منایا گیا تھا۔ رواں برس فرنچ اوپن کے دوسرے ہی رائونڈ سے باہر ہونے پر سرکاری خبررساں ادارے کے ایک رپورٹر وانگ زیجینگ نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے ملکی شائقین کیلیے کوئی پیغام دینا چاہتی ہیں تو وہ غصے میں آگئیں اور بولیں میں ہار چکی ہوں۔ یہی حقیقت ہے اب کیا میں ان کے آگے سر جھکا لوں، پائوں پکڑوں اور معافیاں مانگوں؟۔ ایک ماہ بعد ومبلڈن میں شکست پر یہی سوال جب دوبارہ مذکورہ صحافی نے پوچھا تو وہ غصے سے پھٹ پڑیں بولیں تمھاری جرات کیسی ہوئی، تم میں کوئی شرم بھی ہے یا نہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ خود لینا نے کیریئر کا آغاز ایک صحافی کے طور پر کیا تھا۔ ان کی اس حرکتوں پر شائقین نے کہاکہ لینا کو کھیل نہیں بلکہ اپنا رویہ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

تبصرے بند ہیں.