چینی سرمایہ کاری سے تعمیراتی صنعت میں انقلاب آئے گا

کراچی: ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کے چیئرمین جنید اشرف تالو نے چین اور پاکستان کے مابین 46 ارب ڈالر مالیت کے معاہدو ں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاہدوں کی تکمیل سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم دوست ملک چین کی انرجی اور انفرااسٹرکچر کے منصوبوں پر خطیر سرمایہ کاری گزشتہ 10 برس میں ہونے والی مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری سے تین گنا زائد ہوگی جو وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین کی انفرااسٹرکچر منصوبوں پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملک میں تعمیراتی صنعت میں انقلاب آئے گا جس سے بلڈنگ میٹریلز کی صنعتوں کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ لاکھوں ہنر مند اور مزدوروں کو روزگار کے مواقع حا صل ہو نگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبوں خصوصاً کراچی سرکلر ریلوے کی تعمیر کے لئے چین سے ترجیحی بنیاد پر مذاکرات کر کے معاہدہ کر نا چاہئے ۔ وفاقی حکومت کو اس سلسلے میں حکومت سندھ کو اعتماد میں کے کر منصوبہ بندی کر نی چاہئے ، اس ضمن میں کراچی سے لاہور تک موٹر وے کی تعمیر کا مجوزہ پروجیکٹ لائق تحسین ہے ۔

تبصرے بند ہیں.