چینی سرمایہ کاروں کو اقتصادی راہداری منصوبے سے فائدہ اٹھانے کی دعوت

اسلام آباد:  وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کی اجتماعی ترقی کے لیے کثیرملکی پروجیکٹ کا حامی ہے، چائنا پاکستان اقتصادی راہداری اسی سلسلے کی کڑی ہے ، یہ منصوبہ خطے کی معاشی تقدیر بدل دے گا۔

اس سے نہ صرف پاکستان اور چین مستفید ہوں گے بلکہ جنوبی ایشیا، افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کی معیشتوں کو بھی منسلک کرنے کا باعث ہوگا، گلوبلائزیشن کے اس دور میں لازم ہے کہ مشترکہ مسائل کے اجتماعی حل تلاش کیے جائیں اور اجتماعی دانش کے ذریعے خطے کے معاشی مسائل کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا جائے۔ چین کے شہر کنمنگ میں چوتھی چین جنوبی ایشیا ایکسپوکے عالمی پیداواری صلاحیت میں تعاون سے متعلق فورم سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایکسپو میں شامل ممالک کے لیے ایک دوسرے کے معاشی تجربات سے استفادے کے لیے بہت سی مثالیں موجود ہیں خصوصاًچین کی معاشی کارکردگی جو گزشتہ 4 دہائیوں سے معاشی میدان میں نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.