چیمپئنز ٹرافی کیمپ، گھومتی گیندوں پر پاکستانی بیٹسمینوں کی بھرپور مشق

ایبٹ آباد: چیمپئنز ٹرافی کیلیے تربیتی کیمپ میں کرکٹرز گھومتی گیندوں پر بیٹ گھمانے کی مشق کرتے رہے، چند مرتبہ بارش کی مداخلت کے باوجود بھرپور بیٹنگ پریکٹس پر توجہ مرکوز رہی۔ محمد حفیظ اپنے بیٹ سے زنگ اتارنے کیلیے اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم کے ساتھ الگ سیشن میں بھی مصروف عمل رہے، آل رائونڈر کا کہنا ہے کہ 8 ملکی ٹورنامنٹ میں ٹائٹل کی طرف سفر آسان نہیں ہوگا، ہر میچ کو اہم سمجھ کر اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، تجربہ کار سینئرزاور نوجوان ٹیلنٹ پر مشتمل متوازن اسکواڈ حوصلہ افزا نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم مضبوط حریفوں کے مقابل فتوحات کیلیے بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں جان مارنا ہوگی، دوسری طر ف عبدالرحمان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں پیسرز اور اسپنرز کیلیے و کٹیں حاصل کرنے کے یکساں مواقع ہونگے، پلیئنگ الیون میں جگہ ملی تو سعید اجمل کے ساتھ مل کر بیٹسمینوں کیلیے مشکلات پیدا کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلیے تربیتی کیمپ کے تیسرے روز چند مرتبہ بارش کی مداخلت کے باوجودقومی کرکٹرز نے بھرپور بیٹنگ پریکٹس کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا،منتخب کھلاڑیوں کا باہمی مقابلہ 40کے بجائے 35اوورزتک محدو د کردیا گیا،مصباح الحق اورمحمد حفیظ خاص طور پر بھرپور فارم میں نظر آئے،کئی ایک بیٹسمینوں کو مزید پریکٹس دینے کیلیے ایک سے زیادہ باربیٹنگ دی گئی، جنہوں نے گھومتی گیندوں پر بیٹ گھمانے کی بھرپور مشق کرنے پر توجہ مرکوز رکھی، محمد حفیظ نے ایشیائی وکٹوں پر بیک فٹ پنچ کے ذریعے کافی رنز اسکور کیے تھے مگر جنوبی افریقہ میں سیمنگ گیندوں پر مسائل کاشکارنظرآئے، انھوں نے خاص طورپر سوئنگ ہوتی گیندوں پر اسٹروکس کی مشق کی،اس اسٹروک پر اپنی صلاحیت کو نکھارنے کیلیے انھوں نے پریکٹس میچ کے علاوہ بھی اسسٹنٹ کوچ شاہداسلم کے ساتھ الگ سیشن بھی کیا۔

تبصرے بند ہیں.