لاہور: چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان آج متوقع ہے،کپتان مصباح الحق،محمد حفیظ،سعید اجمل اور یاسر عرفات کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد تمام کھلاڑیوں کی رپورٹ جائزے کیلیے سلیکشن کمیٹی کے حوالے کردی جائے گی۔
اسکواڈ تشکیل دینے کے بعد حتمی فہرست کی منظوری چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف دینگے، سب سے زیادہ بحث شاہد آفریدی، عمر اکمل اور وہاب ریاض کی شمولیت پر ہوگی، یونس خان کو شامل کرنے کا آپشن رد کیے جانے کی صورت میں کسی نوجوان پلیئر کی لاٹری نکل سکتی ہے، انگلینڈ کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے کم از کم 4 فاسٹ بولرز کو ساتھ لے جانے پر سنجیدگی سے غور ہوگا، سلیکٹرز نے فٹنس کو پہلی ترجیح قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم کی پیر کو لاہور آمد کے بعد چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے،لاہور اور کراچی میں فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوچکے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پیر کو ہی مصباح الحق،محمد حفیظ،سعید اجمل اور یاسر عرفات کی جسمانی استعداد جانچنے کے بعد رپورٹس مکمل کرکے سلیکشن کمیٹی کے سپرد کردی جائیں گی، ایک سلیکٹر کے مطابق میگا ایونٹ کے پیش نظر فارم اور فٹنس دونوں میں سے کسی ایک پر بھی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، انگلینڈ کی کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے ایسا متوازن اسکواڈ تشکیل دینے کی کوشش کرینگے جو مضبوط ٹیموں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔
انھوں نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ،ڈومیسٹک ٹوئنٹی20 اور ون ڈے ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اس بار کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کے طویل مراحل سے بھی گذارا گیا ہے تاکہ پروٹیز کیخلاف سیریز جیسے مسائل ٹیم کی مہم کو کمزور نہ بنائیں، جونیئر یا سینئر کو خاطر میں لائے بغیر سپر فٹ کرکٹرز کو ہی انگلینڈ روانہ کیا جائے گا، ممکنہ تبدیلیوں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی کچھ معاملات زیر غور ہیں، اجلاس میں بات چیت کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچیں گے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.