چھوٹے کاشتکاروں کیلئے جلد قرضہ اسکیم کے اجراء کی تیاریاں مکمل کی جائیں، اسحٰق ڈار

اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بجٹ سکیم 2014-15ءپر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کیلئے جلد قرضہ ا سکیم کے اجراءکی تیاریاں مکمل کی جائیں۔ جمعہ کو وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت میں بجٹ ا سکیم 2014-15ءپر عملدرآمد کیلئے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ بجٹ میں کل 33 ایسی اسکیمیں تھیں جن میں سے اکثر پر مکمل عملدرآمد کیا گیا ہے جبکہ دیگر پر پیشرفت ہو رہی ہے۔ ان اہم منصوبوں میں سے ٹیکس اصلاحات کمیشن جس نے اپنی رپورٹ فائنل کر دی ہے، برآمدات پر مارک اپ کی شرح میں کمی، سیلز ٹیکس ریفنڈ، ٹیلی سینٹر کے قیام، کراپ لون انشورنس اسکیم کی ادائیگی، پریمیئم، ایگزیم بینک کا قیام، ایل این جی کی درآمد، ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ اور دیگر تشکیل نو شامل ہے۔ وزیر خزانہ نے بجٹ اسکیموں 2014-15ءپر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کیلئے جتنا جلدی ممکن ہو کریڈیٹس ا سکیم شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کی جائیں۔ انہوں نے ٹیکس ریفارمز کمیشن کی سفارشات پر نظرثانی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کمیشن کی سفارشات کی عکاسی ہو۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے ایف بی آر میں ایک دوسرے اجلاس کی صدارت کی جس میں محصولات کے حصول کی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2014-15ءکے دوران محصولات کے طے شدہ اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

تبصرے بند ہیں.