پی سی بی ایونٹ، دانش کنیریا نے اسٹیڈیم آ کر سب کو حیران کردیا

کراچی: تاحیات پابندی کے شکار دانش کنیریا نے پی سی بی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں دوران میچ نیشنل اسٹیڈیم پہنچ کر سب کو حیران کر دیا۔ انگلش کاؤنٹی ایسیکس کے ساتھی کرکٹرز کو اسپاٹ فکسنگ پر اکسانے کے جرم میں ای سی بی نے ان پر ہمیشہ کیلیے کرکٹ کے دروازے بند کر دیے تھے، پی سی بھی اس کی توثیق کر چکا، وہ گذشتہ شب ایچ بی ایل بمقابلہ اسٹیٹ بینک میچ کے موقع پر اسٹیڈیم میں داخل ہوئے تو کھلبلی مچ گئی اور وہاں موجود لوگوں نے چہ مہ گوئیاں شروع کر دیں، اس موقع پر موجود پی سی بی کے سیکوریٹی و ویجیلینس افسر کرنل (ر) اظہر نے نہ صرف کسی اقدام سے اجتناب برتا بلکہ دانش کنیریا کو اپنے کمرے میں چائے پینے کی پیشکش کر دی جو انھوں نے بخوشی قبول بھی کرلی۔ 61 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے دانش کنیریا نے اسٹیڈیم میں موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وضاحت کی کہ اسٹیڈیم آمد کا مقصد محض میڈیا کے دوستوں اور میچ میں شریک اپنے سابقہ ادارے کے ساتھیوں سے ملاقات کرنا تھا۔انھوں نے کہا کہ میں نے گراؤنڈ میں جانے سے اجتناب کیا اور پویلین میں بیٹھ کر کھیل سے لطف اندوز ہوا، کنیریا نے کہا کہ اس حوالے سے پی سی بی سمیت کسی کو بھی فکر مند ہونے کی قطعی ضرورت نہیں، میرا یہ عمل کسی پر گراں نہیں گزرنا چاہیے، کنیریا نے کہا کہ بورڈ میرے حوالے سے فیصلے پر نظرثانی کرے، سابق چیئرمین ذکا اشرف نے اس ضمن میں وعدہ بھی کیا تھا، انھوں نے کہا کہ میرے خلاف جو بھی ثبوت ہیں وہ میڈیا اور میرے سامنے رکھے جائیں ، میں اس پر اپنا نکتہ نظر پیش کروں گا، دانش کنیریا نے کہا کہ میں بے گناہ ہوں، میر ا معاملہ غلط طور پر سلمان بٹ،محمدآصف اور محمد عامر سے ملایا جا رہا ہے، وہ موقع پر پکڑے جانے کے باعث مجرم قرار پائے،میرا ان کی طرح معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

تبصرے بند ہیں.