رمضان کرکٹ، بیٹنگ لائن کی ناکامی اسٹیٹ بینک کو لے ڈوبی

کراچی: پی سی بی کے تحت رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بیٹنگ لائن کی ناکامی اسٹیٹ بینک کو لے ڈوبی۔ حبیب بینک نے باآسانی 6 وکٹ سے فتح کی بدولت سیمی فائنل کی جانب سفر جاری رکھا، اسد بیگ نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹیں لینے کے بعد 27 رنز بنائے، انھیں سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے مین آف دی میچ ایوارڈ پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گروپ اے میچ میں ناکام ٹیم کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا، ابتدائی 3 وکٹیں صرف 7 رنز پر گرگئیں،دوسرے اوور کی پہلی گیند پرکاشف صدیق (5) کو احسان عادل نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا، اگلے اوور میں فہد مسعود نے فرخ شہزاد(1) کو ٹھکانے لگا دیا۔ کیچ حسن رضا نے تھاما،تیسرے اوور میں بینک کو ایک اوردھچکا لگا جب عدنان رئیس بھی صرف ایک رن بنانے کے بعد احسان عادل کی گیند پر اسد بیگ کو کیچ دے بیٹھے،چوتھی وکٹ کی شراکت میں 37 رنز بننے سے ٹیم کی پوزیشن کچھ بہتر ہوئی لیکن اس موقع پر رمیز راجہ جونیئر(26) کو اسد بیگ نے کامران حسین کی مدد سے میدان بدر کر دیا، 13ویں اوور کی آخری گیند اور 68 کے مجموعی اسکور پر محمد افضل(9) کو اسد نے واپسی کا پروانہ تھما دیا، عثمان سعید نے33 گیندوں پر25 رنز جوڑ کر پویلین کی راہ لی، ساتویں وکٹ محمد وحید کے آؤٹ ہونے پر گری جو 4 رنز بنا کر سرمد کی گیند پر بولڈ ہو گئے، اس طرح 79 رنز پر اسٹیٹ بینک کی7 وکٹیں گر گئیں۔بعد ازاں رضوان حیدر اور حسن محمود نے ہمت سے مقابلہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں اپنی ٹیم کا اسکور106 رنز تک پہنچا دیا،رضوان 21 گیندوں پر27 اور حسن 8 گیندوں پر 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،اسد بیگ نے 10 اوراحسان عادل نے13 رنز کے عوض2،2 وکٹیں حاصل کیں،فہد مسعود،سرمد انور اور عمران فرحت کے حصے میں1،1 وکٹ آئی، جواب میں حبیب بینک نے آسان ہدف 4وکٹیں گنوا کر18 ویں اوور میں حاصل کرلیا،ٹیم کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میںگری جب عمران فرحت (5) کو محمد علی نے ایل بی ڈبلیو کر دیا، اوور کی آخری گیند پر فہد مسعود (صفر) بولڈ ہو گئے، تیسری وکٹ 38 رنز پر گری جب چھٹے اوور میں اسد بیگ21 گیندوں پر 27رنز بنانے کے بعد محمد افضال کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کی وکٹ بھی محمد علی کے ہاتھ لگی، ٹیم کو چوتھا نقصان 16ویں اوور میں اٹھانا پڑا، جب بہرام خان 34 گیندوں پر 27 رنز بنانے کے بعد حسن محمد کا نشانہ بن گئے، کیچ فرخ شہزاد نے لیا، ان کی اننگز میں 2 چوکے شامل تھے،ہمایوں فرحت نے جارحانہ انداز اختیار کیا، انھوں نے2 چھکوں اورایک چوکے کی مدد سے محض 8 گیندوں پر 20 رنز ناٹ آؤٹ جوڑے، حسن رضا نے2 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد علی نے17 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ حسن محمود کے نام رہی، ہفتے سے گروپ بی کے میچز کا آغاز ہوگا، این بی پی کی ٹیم پورٹ قاسم کے خلاف میدان میں اترے گی۔

تبصرے بند ہیں.