عوام مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ججوں کی انکوائری اور ججوں کو تختہ دار پر لٹکانے کی دھمکی عدلیہ سے کھلی جنگ کے مترادف ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عدلیہ کب تک صبروتحمل کا مظاہرہ کرے گی بالآخرآئین کو نافذالعمل کرنا پڑے گا، نہ یہ ریکارڈ جمع کرائیں گے، نہ پیسے دیں گے نہ الیکشن کرائیں گے، عدلیہ کو آئینی فیصلے پرمجبور کرائیں گے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا جو وزیراعظم برطانیہ کی تاج پوشی میں مصروف ہو اسے آٹے کے قحط کی کیا فکر، حکومت عوام میں نفرت کا نشان بن چکی ہے، 13 پارٹیوں نے 13 مہینوں میں غریب پر 170 ارب روپے کے ٹیکس لگائے، 50 فیصد مہنگائی کی اورآئی ایم ایف سے بھی کچھ نہیں ملا۔انہوں نے کہا 17 مئی کے آئی ایم ایف کے ایجنڈے میں پاکستان کو جھنڈی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر اور امپورٹ کم ہو رہی ہے، کاروبار تباہ ہے، وزراء غیر ملکی دوروں پر ہیں، آئین کی گولڈن جوبلی منانے والوں کے سامنے آئین ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہے، خود تو یہ عوام میں تنہا ہوئے ہی ہیں پاکستان کو بھی دنیا میں تنہا کر دیا ہے۔ان کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہنا تھا کہ یہ پارلیمانی ریکارڈ بھی عدالت میں جمع نہیں کرائیں گے بلکہ سازش کے تحت حالات خراب کرائیں گے تاکہ گھر جانے میں آسانی ہو۔
تبصرے بند ہیں.