پہلے ٹی 20 میں پاکستان کا زمبابوے کو جیت کیلئے 162 رنز کا ہدف

ہرارے: پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی 20 میچ میں جیت کے لیے 162 رنز کا ہدف دیا ہے۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پاکستان کے ٹاپ آرڈر میزبان ٹیم کی کمزور باؤلنگ لائن کے سامنے بھی ناکام رہا اور صرف 51 رنز کے مجموعی اسکور پر پر ناصر جمشید، محمد حفیظ اور عمرامین نے اپنی وکٹیں گنوا دیں۔ اس موقع پر احمد شہزاد ایک جانب سے پاکستانی اسکور میں مسلسل اضافہ کرتے رہے، وہ 70 رنز بنا کر ماساکادا کا شکار بنے۔ ٹاس جیت کر زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے کہا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن اور پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے 3 فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، کھلاڑی میچ جیتنے کے لئے پرعزم ہیں اور ہم مثبت کھیل پیش کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ پاکستانی کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ بیٹنگ کا آغاز اچھا ہو اور ہم ایک بڑا ٹوٹل دینے میں کامیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لئے بہت محنت کی ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جو زمبابوے کے خلاف سیریز میں کام آئے گا اور ہم اچھی پرفارمنس دینے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں صہیب مقصود اپنے ٹی 20 کیریئر کا ڈیبیو کریں گے، ہم آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے نئے چہرے لانا چاہتے ہیں اور اسی لئے آئندہ میچوں میں 2 مزید نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.