ہرارے: پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی 20 میچ میں 25 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پاکستان کے ٹاپ آرڈر میزبان ٹیم کی کمزور باؤلنگ لائن کے سامنے بھی ناکام رہا اور صرف 51 رنز کے مجموعی اسکور پر پر ناصر جمشید، محمد حفیظ اور عمرامین نے اپنی وکٹیں گنوا دیں۔ اس موقع پر احمد شہزاد ایک جانب سے پاکستانی اسکور میں مسلسل اضافہ کرتے رہے، وہ 70 رنز بنا کر ماساکادا کا شکار بنے۔ 161 رنز کے جواب میں زمبابوے نے محتاط انداز میں اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم میزبان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر صرف 136 رنز بنا سکی۔ زمبابوے کی جانب سے ووسی سباندا نے 31 رنز بنائے جب کہ برینڈن ٹیلر 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے 25 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹاس جیت کر زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے کہا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن اور پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے 3 فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، کھلاڑی میچ جیتنے کے لئے پرعزم ہیں اور ہم مثبت کھیل پیش کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ پاکستانی کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ بیٹنگ کا آغاز اچھا ہو اور ہم ایک بڑا ٹوٹل دینے میں کامیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لئے بہت محنت کی ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جو زمبابوے کے خلاف سیریز میں کام آئے گا اور ہم اچھی پرفارمنس دینے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں صہیب مقصود اپنے ٹی 20 کیریئر کا ڈیبیو کریں گے، ہم آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے نئے چہرے لانا چاہتے ہیں اور اسی لئے آئندہ میچوں میں 2 مزید نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.