پہلا سیمی فائنل: جرمنی نے برازیل کو سات ایک سے روند ڈالا ، خواب ٹکڑے ٹکڑے

ورلڈ کپ 2014 کے بیلے ہورے زینٹو میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے برازیل کو بدترین تاریخی شکست سے دوچار کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

بیلے ہورے زینٹو () جرمنی کی ٹیم کو میچ کے 11 ویں منٹ میں پہلا کارنر ملا جس پر اس نے گول کر دیا۔ پہلے ہی گول کے بعد مہمان ٹیم ایسے دباو میں آ گئی کہ جرمنی نے میچ کے 23ویں منٹ میں دوسرا گول، 24ویں میں تیسرا، 26ویں منٹ میں چوتھا اور 29ویں منٹ میں پانچواں گول کر ڈالا۔ گویا چھ منٹ میں اس نے چار گول کئے۔ میچ کا پہلا ہاف ختم ہوا تو جرمنی کو پانچ گولوں کی برتری حاصل تھی۔ جرمنی نے اوپر تلے گول کر کے برازیلی تماشائیوں کو رلا دیا۔ برازیل کی ٹیم اس میچ میں اپنے کپتان تھیاگو سلوا اور سٹار کھلاڑی نیمار کے بغیر اتری تھی۔ تھیاگو مسلسل دو میچوں میں ییلو کارڈ ملنے کی وجہ سے اس میچ میں حصہ نہیں لے سکے جبکہ نیمار کولمبیا کے ساتھ میچ کے دوران زخمی ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔ دوسرے ہاف میں برازیل نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور ہلک اور فرنینڈینیو کی جگہ پاولینﺅ اور رمیرز کو میدان میں اتارا۔ دوسرے ہاف کے ابتدائی چند منٹوں میں برازیلی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا اور جرمن گول پر متعدد حملے کیے لیکن جرمنی کے مستعد گول کیپر نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔ شرلر نے جرمنی کا سکور چھ صفر پر پہنچا دیا۔ کچھ ہی دیر میں شرلر نے اپنا دوسرا اور میچ کا ساتواں گول کر دیا۔ برازیل کی جانب سے آسکر نے کھیل کے آخری منٹوں میں ایک گول کیا۔ جرمنی کے چھتیس سالہ مراسیلو کلوز نے اس میچ میں ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے زیادہ سولہ گول کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ، جو اس سے پہلے برازیل کے رونالڈو کا تھا۔ برازیل کے مینیجر فلپ سکولاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں برازیل کے عوام سے معافی مانگتا ہوں۔ اس نتیجے کا ذمہ دار میں ہوں۔ اس بدترین نتیجے کی ذمہ داری ہم سب پر ڈالی جا سکتی ہے لیکن وہ میں تھا جس نے یہ ٹیم چنی۔ ہم جو کر سکتے تھے ہم نے کیا، ہم نے اپنی بہترین کوشش کی لیکن ہمارا مقابلہ جرمنی جیسی بہترین ٹیم سے تھا۔ یہ جرمنی کا مسلسل چوتھا سیمی فائنل تھا۔ جرمنی مسلسل تین سیمی فائنلوں میں ہار چکا ہے۔ جرمنی کو ورلڈ کپ جیتے ہوئے چوبیس برس گزر چکے ہیں۔ اس نے گزشہ اٹھارہ سالوں میں کوئی ٹائٹل بھی نہیں جیتا۔ جرمنی نے اٹھارہ سال پہلے 1996 میں آخری بار یورو کپ جیتا تھا۔ بدھ کو ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہالینڈ اور ارجنٹینا مدِمقابل ہوں گے اور جیتنے والے کا مقابلہ اتوار کو فائنل میں جرمنی سے ہوگا۔ –

تبصرے بند ہیں.