پچ خراب کرنے کی پاداش میں میتھیو ویڈ کو سزا

آسٹریلین کرکٹر میتھیو ویڈ کو شیفلڈ شیلڈ میچ میں وکٹ خراب کرنے پر ایک میچ کیلیے معطل کردیا گیا۔ ان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی عائد کرنے کے علاوہ دو پوائنٹس بھی منہا کیے جائیں گے، معطلی کے سبب وہ جمعے سے پرتھ میں ویسٹرن آسٹریلیا کیخلاف شیڈول میچ میں بھی وکٹوریا کو دستیاب نہیں رہیں گے، آئندہ دو یوم میں اپیل کا حق موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلین وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کو شیفلڈ شیلڈ میچ میں وکٹ خراب کرنے پر ایک میچ کیلیے معطل کردیا گیا، تسمانیہ کیخلاف وکٹوریا کی قیادت کرنے والے میتھیوویڈ کی ٹیم نے اگرچہ یہ چار روزہ مقابلہ باآسانی 129 رنز سے جیت لیا، لیکن ان کی وکٹ خراب کرنے کے اس عمل نے ان کی ٹیم کی کامیابی کو دھندلادیا ہے، ویڈ نے اس میچ کی پہلی اننگز میں اپنی ٹیم کی جانب سے119 رنز بھی اسکورکیے تھے تاہم میچ کے دوسرے دن جمعے کوانھیں وکٹ خراب کرنے کی پاداش میں کرکٹ آسٹریلیا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر ایک شیفلڈ شیلڈ میچ کی پابندی لگادی گئی۔انھوں نے دوران بیٹنگ دانستہ طور پر وکٹ کو خراب کیا، جس پر فیلڈ امپائرزایان لوک اور نوگاسکی نے انھیں بتایا کہ ان کا یہ عمل ’ ان فیئر پلے‘ کے زمرے میں آتا ہے، کرکٹ آسٹریلیا کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میتھیوویڈ نے اپنی ٹیم کیلیے پہلی اننگزمیں بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کو خراب کیا، دونوں فیلڈ امپائرز نے ویڈ پر پچ خراب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وکٹ کی تبدیلی کی تجویز دی تھی، ویڈ نے سابق ٹیسٹ امپائر اور میچ ریفری ڈیرل ہارپر کی زیرنگرانی اس معاملے کی ہونے والی سماعت میں الزامات ماننے سے انکار کیا، تاہم ہارپر نے انھیں قصور وار گردانا ہے تاہم انھیں اس فیصلے کیخلاف اپیل کا حق حاصل ہے، جس کیلیے وہ آئندہ دو دن میں ضروری کارروائی کرسکتے ہیں، کرکٹ وکٹوریا کے چیف ایگزیکٹیو ٹونی ڈوڈیمیڈ کا کہنا ہے کہ ہم ویڈ کیخلاف تفصیلی فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد اس جانب کوئی پیشرفت کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.