مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلیے 24 دن درکار ہوں گے، ٹنڈولکر

ٹنڈولکر نے اپنی ریٹائرمنٹ کے دوسرے دن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ مجھے کرکٹ چھوڑنے کے اپنے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔ میں نے درست وقت پر یہ فیصلہ کیا ہے، مجھے اپنے 24 برسوں کا کرکٹ کیریئر ایک خوابیدہ سفر کی مانند لگتا ہے، مستقبل میں کیا کرنے کے سوال پر لٹل ماسٹر کے برجستہ جواب نے سامعین محفل کو لاجواب کردیا، انھوں نے کہا کہ 24 برسوں کا کرکٹ کیریئر ختم کیے ہوئے ابھی مجھے محض 24 گھنٹے ہوئے ہیں ، مجھے کوئی بھی فیصلہ کرنے کیلیے کم از کم 24 دن تو درکار ہوں گے، ماسٹر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ کرکٹ سے میرا ناطہ ٹوٹے گا نہیں لیکن ابھی میرے مستقبل کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔انھوں نے کہا کہ کرکٹ میری زندگی ہے اور یہ میرے لیے آکسیجن کی مانند ہے، اپنی زندگی کے 40 برسوں میں سے کم از کم 30 برس میں نے باقاعدہ کرکٹ کھیلی ہے، اسی طرح میری اب تک کی زندگی کا 75 فیصد کرکٹ رہا ہے لہذا کھیل سے میرا تعلق مستقبل میں بھی کسی نہ کسی حوالے سے قائم رہے گا، میں نے اپنے کیریئر کو انجوائے کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ممبئی میں اپنا الوداعی ٹیسٹ اپنی والدہ کی وجہ سے رکھوایا تھا، اس کیلیے میں نے بی سی سی آئی سے کہا تھا تاکہ میری والدہ بھی پہلی مرتبہ مجھے گرائونڈ میں آکر کھیلتا ہوا دیکھ سکیں۔

تبصرے بند ہیں.