پچ خراب کرنے پر اینڈرسن کو بولنگ سے روک دیا گیا

برمنگھم: پچ خراب کرنے پر جیمز اینڈرسن کو بولنگ سے روک دیا گیا،انگلش پیسر اپنے 30 ویں اوور کی پہلی گیند ہی کر پائے، میچ کے دوسرے روز امپائر سے الجھنے پر معذرت نے فی الحال انضباطی کارروائی سے بچا لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایجبسٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش پیسر اینڈرسن نے محمد حفیظ کو پہلے ہی اوور میں آؤٹ کیا، بعد ازاں سمیع اسلم اور اظہر علی ڈٹ گئے، مایوسی کے شکاربولر کی جانب سے پچ کو خراب کیے جانے پر ویسٹ انڈین جوئل ولسن نے محتاط رہنے کی ہدایت دی، جیمز اینڈرسن نے امپائر کے فیصلے پر سوالات اٹھائے اور اوور ختم ہونے پر طیش میں آکر کیپ بھی چھینی، اس کے بعد آسٹریلوی امپائر بروس آکسنفورڈ نے انھیں ایک ہی اوور میں 2 بار وارننگ دی، گیند پھینکنے کے بعد تیسری بار پچ کے ڈینجر زون میں آنے پر انھیں اننگز میں مزید بولنگ سے روکا جب کہ تھرڈ امپائر رچی رچرڈسن کی جانب سے ڈسپلنری کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا تھا تاہم انھوں نے معذرت کرلی۔

تبصرے بند ہیں.