پولیس پر حملے کا کیس: چودھری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت مسترد

انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس سے لڑائی جھگڑا اور کارِ سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے چودھری پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ پرویز الہٰی کی گرفتاری نہیں ڈالی گئی، اس لئے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہیں کیا جا سکتا، پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت قبل از وقت ہے، لہٰذا مسترد کی جائے۔دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ پولیس نے مقدمے میں گرفتاری نہیں ڈالی تو ضمانت کیسے دی جا سکتی ہے؟ عدالت نے پولیس کے اعتراض پر درخواست ضمانت کے نا قابل سماعت ہونے پر اسے خارج کر دیا۔واضح رہے کہ چودھری پرویز الہٰی کے خلاف لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج ہے، مقدمے کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کے گھر چھاپے کے موقع پر پولیس پر حملہ کیا گیا تھا اور قانونی کارروائی سے روکا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.