پنجاب رینجرز نے ایک سال میں 5 بھارتی جاسوس گرفتار کئے
لاہور: پنجاب رینجرز نے ایک سال کے دوران پانچ بھارتی جاسوس سمیت بیالیس غیر ملکیوں کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔ بریگیڈئر زاہد احمد رانا نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ واہگہ بارڈر پر گزشتہ تین سال کے دوران ننانوے کلوگرام ہیروئن اور بھاری مقدار میں شراب کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے متعدد اسمگلروں کو گرفتار کیاگیا جبکہ چند ایک رینجرز سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد مارے گئے۔ ان کا کہناتھا کہ چند روز پہلے تریپن کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن کی اسمگلنگ کو رینجرز نے ناکام بناتے ہوئے دو اسمگلروں کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد مار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنیوالے غیر ملکیوں سمیت ایک سو بیالیس افراد کو حراست میں لیا گیا۔ برگیڈئیر زاہد احمد رانا نے کہا کہ پنجاب رینجرز اپنے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہروقت تیار ہے اور اس کے لیے وہ ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
تبصرے بند ہیں.