لاہور: پنجاب حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن کے نظام کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے مدارس رجسٹریشن ایکٹ میں ترامیم لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت مدارس کی الگ رجسٹریشن کی شرط نرم کرنے کیلئے قانونی ترامیم تجویز کی ہیں، جس کے تحت وفاق المدارس اور دیگر دینی بورڈز کے تحت رجسٹرڈ مدارس کو پنجاب میں دوبارہ رجسٹریشن کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مدارس کی وفاقی رجسٹریشن کو صوبائی سطح پر بھی قانونی حیثیت دینے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی مدارس ڈیٹا کو آپس میں منسلک کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔تجویز کے مطابق جو مدرسہ وفاقی رجسٹریشن اتھارٹی کے ریکارڈ میں پہلے سے رجسٹرڈ ہوگا، اسے پنجاب میں الگ رجسٹرڈ نہیں ہونا پڑے گا، جس سے مدارس کو دوہری رجسٹریشن، اضافی کاغذی کارروائی اور الگ ویریفکیشن کے مراحل سے ریلیف ملے گا۔ذرائع کے مطابق مجوزہ ترامیم علما کرام اور مدارس منتظمین سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہیں اور انہیں منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ کو سوسائٹیز ایکٹ میں ترامیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جس کے بعد باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.