لاہور: مسلم لیگ قاف نے پنجاب حکومت کی طرف سے اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ قیمتوں سے زائد نرخوں پر فروخت کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروا دی ہے۔ مسلم لیگ قاف کے اراکین پنجاب اسمبلی وقاص حسن موٴکل، عامر سلطان چیمہ اور سردار آصف نکء نے مہنگائی کے خلاف تحریک التوائے کار جمع کراتے ہوئے اسپیکر سے فوری طور پر اسمبلی اجلاس بلانے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجوہات پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔تحریک میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکمران ناجائز منافع خوروں کے خلاف کوئی موثر کارروائی نہیں کر رہے جسکی وجہ سے آئے دن اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رمضان بازاروں میں سستی اشیاء کی امید لیکر آنے والے روزہ داروں کی تذلیل کی جا رہی ہے، چار ارب کی سبسڈی کن کو دی جا رہی ہے کچھ معلوم نہیں۔ تحریک میں کہا گیا کہ پنجاب اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوا ہے۔ جس قیمت پر سیب ملتے تھے آج ٹماٹر بھی نہیں مل رہے۔ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے حکومتی دعوے چھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.