پنجاب:بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری،شہریوں کا جینا محال

لاہور: لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے،شدید گرمی کے موسم میں کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔وزارت پانی و بجلی کے پاس تیل کا سٹاک ختم ہو جانے کی وجہ سے پنجاب بھر میں گزشتہ تین روز سے فورس لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔صوبائی دارلحکومت لاہور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سترہ گھنٹے تک جا پہنچا ہے،بیشتر علاقوں میں ہر گھنٹے بعد دو سے تین گھنٹے جبکہ بعض علاقوں میں ہر آدھے گھنٹے بعد تین سے چار گھنٹے کی بجلی بندش نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔شدید گرمی میں سیالکوٹ،گوجرانوالہ،شیخوپورہ،فیصل آباد اور گجرات کے شہریوں کو چودہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے،طویل بجلی بندش سے صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح سے متاثر ہو رہی ہیں اور شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔وزیرآباد،ملتان،ساہیوال، خانیوال،اوکاڑہ، چینو ٹ ، قصور،سرگودھا،مظفرگڑھ،بھکر،جھنگ،رحیم یار خان،صادق آباد،حافظ آباد سمیت صوبے کے تمام شہروں میں بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کے معمولات زندگی درھم برھم کر دیئے ہیں۔دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے اکیس گھنٹے کی بجلی بندش نے لوگوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔

تبصرے بند ہیں.