پاک لنکا چوتھا ون ڈے آج ، سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دئیے گئے

شائقین سگریٹ ، شیشے کی بوتلیں اور موسیقی کے آلات سٹیڈیم میں نہیں لا سکیں گے ، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دو بجے شروع ہوگا

کولمبو ( ) پاکستان اور سری لنکا پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آج کولمبو کے میدان میں اتریں گے ، تیسرے ایک روزہ میچ میں ہنگامہ آرائی کے بعدآئی لینڈرز کے کرکٹ بورڈ نے حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا چوتھا ون ڈے آج کولمبو کے پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ میچ پاکستانی وقت کیمطابق دوپہر دو بجے شروع ہو گا ۔ شاہینوں نے تیسرے ایک روزہ میچ میں اسی میدان پر میزبان ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کی اور چوتھے میچ میں بھی آئی لینڈرز کو ڈھیر کرنے کیلئے پر عزم ہیں ، جبکہ سری لنکا کی ٹیم میں بھی ہار کا بدلا لینے اور سیریز کو برابر کرنے کیلئے تیار ہے ۔ دوسری جانب میزبان ٹیم کے کرکٹ بورڈ نے چوتھے ون ڈے میں کسی بدمزگی سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ شائقین سٹیڈیم میں شیشے کی بوتلیں اور سگریٹ نہیں لا سکیں گے ، موسیقی کے آلات ساتھ لانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ پاکستان اور آئی لینڈرز کے درمیان تیسرے ون ڈے میچ کو اس وقت روکنا پڑاتھا جب شائقین نے سری لنکا کی بیٹنگ ناکام ہونے پر سٹیڈیم میں پتھراؤ کیا ۔

 

تبصرے بند ہیں.