راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل باقری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں سرحدی سیکیورٹی اور کورونا کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں کمانڈرز نے سرحد کے اطراف سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کیا ہے، بارڈر سیکیورٹی اور اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کےلیے دو طرفہ تعاون کی ضرورت ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں کمانڈرز نے کووڈ 19 کی صورت حال اور ایسے معاملات سے نمٹنے کے لیے بارڈر ٹرمینلز میں مزید بہتری کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف نے باہمی احترام، عدم مداخلت اور برابری کی بنیاد پر علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں پاک ایران سرحد کے قریب پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے میں 6 اہل کار شہید ہو گئے تھے
تبصرے بند ہیں.