پاکستان کو 16 سال بعد بنگلا دیش کے ہاتھوں شکست

کھلاڑیوں کی انتہائی خراب کارکردگی، پاکستان بائولنگ کے بعد بیٹنگ کے شعبے میں بھی ناکام، پاکستان کی پوری ٹیم 330 رنز کے تعاقب میں 250 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

میرپور:میرپور کے شیر بنگلا سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں بنگلا دیش نے 16 سال بعد پاکستانی ٹیم کو شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستانی کھلاڑی بائولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کے تینوں شعبوں میں ناکام رہے۔ بنگلا دیش کے 330 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 250 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ یوں بنگلا دیش نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔ پاکستان کی جانب سے نئے کپتان اظہر علی 72، محمد رضوان 67 جبکہ حارث سہیل 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد اور عرفات سنی نے 3، 3 جبکہ روبیل حسین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کیلئے انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ بنگلا دیشی ٹیم نے ہوم گرائونڈ کا خوب فائدہ اٹھایا اور پاکستانی بائولرز کی خوب درگت بنائی۔ تمیم اقبال اور مشفق الرحیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سینچریاں بنائیں۔ تمیم اقبال نے 135 گیندوں پر پندرہ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 132 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ مشفق الرحیم نے بھی اپنی ٹیم کیلئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سینچری سکور کی اور 106 رنز بنائے۔ بنگلا دیشی بلے بازوں نے کسی بھی پاکستانی بائولر کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا اور پُراعتماد طریقے سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 4 جبکہ راحت علی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پابندی ختم ہونے کے بعد اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے سعید اجمل نے 74 رنز دیئے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے –

تبصرے بند ہیں.