پاکستان کو ملتان ٹیسٹ میں بھی شکست، انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کرلی

ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 26 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔انگلش ٹیم نے 22 سال بعد پاکستان کے خلاف اسکی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتی ہے جبکہ پہلی مرتبہ قومی ٹیم کے خلاف لگاتار دو ٹیسٹ میچز جیتے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز چائے کے وقفے سے قبل میچ کا فیصلہ ہوگیا۔قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر ابرار احمد نے 11 وکٹیں حاصل کیں۔دوسری اننگز میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 198 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا۔ فہیم اشرف 10 رنز بنا کر جو روٹ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، جو روٹ نے ٹیسٹ میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کر لیں۔محمد نواز 45 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل 94 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ابرار احمد 17 رنز، زاہد محمود اور محمد علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔محمد رضوان 30 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم ایک رن پر روبنسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ عبداللہ شفیق 45 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔سعود شکیل اور امام الحق کے درمیان 108 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ یہاں امام الحق 60 رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔پاکستانی اوپنر امام الحق ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر ایم آئی آر کے لیے اسپتال روانہ ہوگئے تھے تاہم اسپتال سے واپسی پر انہوں نے بیٹنگ کی۔ امام الحق کی جگہ محمد رضوان اننگز کا آغاز کرنے کے لیے عبداللہ شفیق کے ساتھ آئے تھے۔ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جبکہ پاکستان کو دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا ہے۔انگلینڈ نے 202 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر تیسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا۔ انگلش ٹیم کی چھٹی وکٹ 256 رنز پر گری جس کے بعد مہمان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔بین اسٹوکز 41 اور ہیری بروک 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔قومی ٹیم کے لیگ اسپنر نے دوسرے اننگز میں 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں انہوں نے 11 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے بند ہیں.