Latest National, International, Sports & Business News

قیمتی پتھروں کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر

وفاقی حکومت نے آئندہ پانچ سال میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے لیے مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن، عالمی معیار کے مطابق سرٹیفکیشن، جدید کان کنی اور پاکستانی برانڈ کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال نے اسلام آباد میں چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ بعنوان ’’مقامی قیمتی پتھروں کی حقیقی قدر سے استفادہ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ 17 سے 20 نومبر تک جاری رہے گی، جس کا مشترکہ انعقاد ایشیائی پیداواری تنظیم (اے پی او)، قومی پیداواری تنظیم (این پی او) پاکستان اور پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی (پی جی جے ڈی سی) کر رہی ہیں مہمانِ خصوصی نے اس موقع پر ایک روزہ قیمتی پتھروں کی نمائش کا بھی افتتاح کیا۔جس میں پاکستان کے مقامی قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کی مختلف اقسام، معیار اور ان کی مقامی سطح پر تراش خراش، پالش اور جدید طریقوں سے ویلیو ایڈیشن کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاونِ خصوصی نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر سے مالا مال ہے، جن کے بڑے ذخائر گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں موجود ہیں، جبکہ بلوچستان میں بھی اس شعبے میں نمایاں استعداد موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں قیمتی پتھروں کے ذخائر کا تخمینہ تقریباً 450 ارب ڈالر ہے، تاہم ان کی سالانہ باقاعدہ برآمدات محض 5.8 ملین ڈالر تک محدود ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانچ ہزار سے زائد کمپنیاں زمرد، پیریڈوٹ، یاقوت، پکھراج اور ایکوا میرین سمیت 30 سے زائد اقسام کے پتھروں کی پروسیسنگ سے وابستہ ہیں، تاہم روایتی کان کنی، محدود ویلیو ایڈیشن اور معیاری سرٹیفکیشن کے فقدان کے باعث یہ شعبہ اپنی حقیقی صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر سکا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی قیمتی پتھروں کی صلاحیت سے استفادہ کرنے کی قومی پالیسی 2026-2030کے تحت اصلاحات پر عمل پیرا ہے، جس کا مقصد پانچ سال میں برآمدات کو ایک ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔اس سلسلے میں بین الاقوامی معیار کا سرٹیفکیشن نظام، شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے مخصوص اتھارٹی، نیشنل وارنٹی آفس کا قیام، ارضیاتی نقشہ سازی، جدید کان کنی کی ٹیکنالوجی، نجی شعبے کی تربیت اور مراکزِ امتیاز کے قیام جیسے اقدامات شامل ہیں۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ مقامی سطح پر پتھروں کی تراش خراش، پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دے کر عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت بڑھائی جا سکتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.